تازہ ترین

لیبیا کشتی حادثہ، پاکستانی جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی، مبارک زیب کا چچا زاد بھائی بھی شامل

0

لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانی جاں بحق افراد کی تعداد 35 تک پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں باجوڑ کے نوجوان بھی شامل ہیں، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم این اے باجوڑ اور وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب کے چچا زاد بھائی کی بھی حادثے میں موت ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کی کشتی لیبیا کے قریب سمندر میں ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوئے۔ ذرائع کے مطابق مبارک زیب کے چچا زاد بھائی کی شناخت پزیز اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

حادثے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات پر مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ثمر ہارون بلور نے جاں بحق نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو شدید غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، جبکہ سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ کشتی حادثے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد باجوڑ کے متعدد خاندانوں میں تشویش اور غم کی فضا پائی جاتی ہے۔ بعض خاندانوں نے اپنے پیاروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی، جبکہ کچھ کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

کشتی میں سوار باجوڑ کے نوجوانوں کی مجموعی تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم سوشل میڈیا پر حادثے سے متاثر ہونے والے نوجوانوں کی تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق بعض گھرانوں کو اپنے پیاروں کی ہلاکت کی اطلاع ایجنٹ کی جانب سے دی گئی۔

حادثے سے متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد کا تعلق باجوڑ کی تحصیل سالارزئی اور ماموند سے بتایا جاتا ہے، جہاں کئی گھروں میں سوگ اور بے چینی کی کیفیت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.