تازہ ترین

پاکستان نے پہلی بار ٹونا مچھلی کا 25 ہزار میٹرک ٹن برآمدی کوٹہ حاصل کرلیا، مالدیپ کو سرمایہ کاری کی دعوت

0

پاکستان نے سمندری معیشت اور ماہی گیری کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے پہلی مرتبہ انڈین اوشین ٹونا کمیشن سے ٹونا مچھلی کے شکار کا مجموعی طور پر 25 ہزار میٹرک ٹن کوٹہ حاصل کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے مالدیپ کو پاکستان کی ابھرتی ہوئی ٹونا پروسیسنگ اور کیننگ کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے۔

یہ دعوت انہوں نے مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کی سربراہی میں پاکستان آنے والے آٹھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران دی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، بحری روابط اور بلیو اکانومی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق مالدیپی وفد میں نائب وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد عوض، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر محمد تھوہا اور ہوا بازی کے شعبے کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر محمد جنید انور چوہدری نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ انڈین اوشین ٹونا کمیشن سے ٹونا مچھلی کے شکار کا 25 ہزار میٹرک ٹن کوٹہ حاصل کیا ہے، جس میں 15 ہزار میٹرک ٹن یلو فن ٹونا اور 10 ہزار میٹرک ٹن اسکیپ جیک ٹونا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کوٹے کے ذریعے پاکستان کو تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی برآمدی آمدن حاصل ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان کی ٹونا صنعت کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گی، جبکہ پائیدار ماہی گیری، پالیسی اصلاحات اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کے حصول اور زرمبادلہ کمانے کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سمندری وسائل کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے ماہی گیری کے شعبے کو ترقی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے مالدیپ کے ساتھ سیاحت، بالخصوص طبی سیاحت، غذائی تحفظ، طبی آلات اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں بھی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے، ٹرانسپورٹ روابط بہتر بنانے، بحری رابطوں کو مضبوط کرنے اور بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

جنید انور چوہدری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے، جو تجارتی مواقع کی نشاندہی اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارشات مرتب کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ورکنگ گروپ دسمبر میں پاکستانی اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ مالدیپ سے قبل مختلف تجاویز پر کام کر رہا ہے۔ اس دورے کا مقصد اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.