تازہ ترین

پاکستان روس اقتصادی تعاون، توانائی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: پاکستان اور روس نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دینے کے لیے 2030 تک باہمی تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرلیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق دونوں ممالک کے بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان مجموعی اقتصادی تعاون اور گزشتہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، انسانی وسائل، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ادارہ جاتی روابط برقرار رکھتے ہوئے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.