پاکستان نے ماربل کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے اٹلی کے ساتھ قریبی تعاون کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت، صنعت و پیداوار رانا احسان افضل نے بدھ کے روز اطالوی وفد سے ملاقات کی، جس میں شعبے کی ترقی اور جدید کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت صنعت و پیداوار نے قومی ماربل اور قدرتی پتھر کی پالیسی 2026-29 کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت احسن علی منگی، ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار حمیرا ضیا مفتی، پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (PASDEC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مجوزہ پالیسی کے مطابق پاکستان میں ماربل کے ذخائر کا تخمینہ 16 کروڑ ٹن ہے۔ پالیسی کا مقصد عالمی معیار کی مسابقتی، برآمدات پر مبنی اور پائیدار پتھر کی صنعت قائم کرنا ہے، جس کے ذریعے مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن، روزگار کے مواقع اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن بہتر بنائی جا سکے۔
پالیسی دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے نجی شعبے کی قیادت میں صنعت کی ترقی چاہتی ہے، جبکہ حکومت اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گی۔
اس وقت پاکستان کی ماربل اور پتھر کی صنعت میں تقریباً 85 فیصد مواد ضائع ہوجاتا ہے، جس کی بڑی وجوہات پرانی ٹیکنالوجی اور دھماکوں کے ذریعے کان کنی کے طریقے بتائے گئے ہیں۔ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مشترکہ مالی معاونت، سہولیات اور تربیت فراہم کرکے اس شعبے کو وسعت دینے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
اجلاس میں ماربل کی صنعت کی ترقی، جامع پالیسی کی تشکیل، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، کان کنی کے بہتر طریقوں، ہنرمندی کے فروغ اور پیداوار و برآمدات کی صلاحیت بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل کے شعبے میں موجود وسیع امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔ وفد نے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں فریقوں نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، پیداواری معیار بہتر بنانے اور برآمدی مواقع بڑھانے کے لیے صنعتی تعاون اور باہمی شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون سے صنعتی شراکت داری، سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، جو پاکستان کی ماربل صنعت کی پائیدار ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر رانا احسان افضل نے کہا کہ حکومت ماربل کی صنعت کو جدید بنانے اور اس کی معاشی و برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت صنعت و پیداوار اس شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور صنعت کو جدید، مسابقتی اور برآمدات پر مبنی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
رانا احسان افضل نے کہا کہ حکومت متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے ذریعے عملی اور جامع ماربل پالیسی مرتب کر رہی ہے، تاکہ صنعت کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی میں بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو۔
ان کے مطابق جدید کان کنی کے طریقوں، جدید مشینری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے پاکستان کے ماربل کے شعبے کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویلیو ایڈیشن، پروسیسنگ کی بہتر سہولیات اور عالمی معیار کے مطابق پیداوار پاکستان کی عالمی ماربل مارکیٹ میں رسائی بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ حکومت کی ترجیح خام مال کی برآمد سے آگے بڑھ کر زیادہ قدر رکھنے والی ماربل مصنوعات کی تیاری اور برآمد ہے، جس سے زرمبادلہ میں اضافہ، روزگار کے مواقع اور صنعتی بنیاد مضبوط ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، فنی مہارت، جدید پروسیسنگ طریقوں اور تربیت کے شعبوں میں اٹلی کا تعاون پاکستان کی ماربل صنعت کو تبدیل کرنے اور عالمی منڈی میں اس کی مسابقت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔