تازہ ترین

کراچی میں عمارت گرنے کا معاملہ، پانچ افراد گرفتار، ایس بی سی اے کے چھ افسران معطل

0

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اطراف کی 12 عمارتیں سیل کر دیں، جبکہ پولیس نے ٹھیکیدار سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے چھ افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ٹھیکیدار سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیرِ حراست ٹھیکیدار کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں زمین کے مالک، بلڈر اور انجینئرز کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 10 سے زائد افراد کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔ مقدمے میں سرکاری افسران کی مبینہ ملی بھگت کا الزام بھی شامل کیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے بلڈر سمیت دیگر متعلقہ افراد کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔

دوسری جانب کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس بی سی اے کے چھ افسران کو معطل کردیا۔ معطل افسران میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن، متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور بلڈنگ انسپکٹرز شامل ہیں۔

کمشنر کراچی کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔

معطلی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر عبدالسمیع جملانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماجد علی مگسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شفیع مگسی اور رضا حسین خشک جبکہ بلڈنگ انسپکٹرز جاوید قدیر اور ساجد علی دیتھو کو معطل کیا گیا ہے۔

سید حسن نقوی کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں اب تک تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.