تازہ ترین

پاکستان کے خلائی سفر کی یاد میں 25 نومبر ہر سال منایا جائے گا، عطااللہ تارڑ

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے خلائی مشن کے حوالے سے 25 نومبر کا دن ہر سال منایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پاکستان کے خلائی سفر اور تحقیق کے عزم کی عکاسی کرنے والے خصوصی مرکز ’کہکشاں۔ مشن کنٹرول سینٹر‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آج پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک بڑا تاریخی دن ہے اور یہ خلائی مشن دونوں ممالک کی شراکت داری اور دوستی کا عروج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو ان پر فخر ہے۔ ان کی خلائی مشن میں شرکت سے پاکستان کو مزید بین الاقوامی شہرت ملی ہے۔

وفاقی وزیر نے خلائی تحقیق کے حوالے سے سپارکو کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مختلف شعبوں میں کامیابیاں مل رہی ہیں، جس سے عالمی سطح پر ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے بتایا کہ ’کہکشاں۔ مشن کنٹرول سینٹر‘ کو مختصر وقت میں محنت سے تیار کیا گیا ہے اور یہ چار دن تک فعال رہے گا۔ مرکز میں سپارکو کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر نے فیتہ کاٹ کر مرکز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اپنا خصوصی پیغام نوٹس بورڈ پر چسپاں کیا۔ انہیں مرکز کے مختلف شعبہ جات کے طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

خصوصی مرکز میں پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں، جبکہ یہاں خلائی سائنس سے متعلق دستاویزی فلمیں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.