تازہ ترین

بلوچستان کے چار اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 12 دہشت گرد ہلاک

0

بلوچستان کے چار اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائیاں نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے دو دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں کی جانے والی دو مزید کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے اور مزید دو دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

بیان کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم بلا تعطل جاری ہے۔ اس مہم کو ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.