اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی، چار کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
عمان میں جاری آئی بی ایس ایف مینز ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے چار کھلاڑیوں نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
پری کوارٹر فائنل میں رانا عرفان، اسجد اقبال، محمد آصف اور مبشر رضا نے حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر ایونٹ کے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔
رانا عرفان نے بھارت کے آدتیہ مہتا کو یکطرفہ مقابلے میں صفر کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی۔ انہوں نے مقابلے کے دوران 102 اور 59 کے بریکس بھی کھیلے۔ اس سے قبل وہ متحدہ عرب امارات کے محمد الجوکر کو ایک کے مقابلے میں تین فریمز سے ہرا چکے تھے۔
اسجد اقبال نے عراق کے فراس کامل شابا کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اسجد نے پہلے فریم میں 53 جبکہ دوسرے فریم میں 109 کا شاندار بریک کھیلا۔
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کیوئسٹ محمد آصف نے قطر کے مہنا العبیدلی کو صفر کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا۔ انہوں نے بالترتیب 95-34، 78-47، 71-4 اور 63-26 کے اسکور سے چاروں فریمز اپنے نام کیے۔
مبشر رضا نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کے بیلان شریف کو صفر کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی۔ مبشر نے پہلے فریم میں 96 کا بریک کھیلا اور حریف کو مقابلے میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔
چار پاکستانی کھلاڑیوں کی کوارٹر فائنل میں رسائی سے ایونٹ میں پاکستان کی اچھی کارکردگی کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔