تازہ ترین

نئے صوبوں کے معاملے پر بہتر حل نکل آئے گا، بحث کا درست فورم پارلیمنٹ ہے، رانا ثنااللہ

0

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کسی بڑے طوفان کا خدشہ نہیں اور امید ہے کہ اس کا بہتر حل نکل آئے گا۔ ان کے مطابق اس معاملے پر بحث کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے، جہاں تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پہلے ان کی سطح پر حل ہونا چاہیے تھا۔ یہ معاملہ محسن نقوی کے ذریعے ان تک پہنچا تھا، تاہم ان کی محسن نقوی سے براہِ راست بات نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محسن نقوی کے کاروباری دوست بھی نئے صوبوں کے بڑے حامی ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے نئے صوبوں کے معاملے پر بات نہ ہونے کا سوال اپنی جگہ موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما روزانہ ملاقات کرتے ہیں تو ان سے اس معاملے پر سوال کیوں نہیں کیا گیا؟ ان کے مطابق اتنا بڑا معاملہ کسی ایک شخص کی سولو فلائٹ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو درست انداز میں نہیں سنبھالا گیا اور غیر مناسب فورم پر اسے اٹھانے سے معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ گیا۔ ان کے مطابق اس پر بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے، جہاں سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

محسن نقوی سے اختلافات کے حوالے سے سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ انہوں نے خود یہ معاملہ شروع نہیں کیا بلکہ محسن نقوی کے مؤقف کا جواب دیا تھا۔ ان کے بقول نئے صوبوں کے معاملے پر اختلاف ضرور تھا، تاہم یہ ذاتی لڑائی نہیں تھی۔ محسن نقوی کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی سے کوئی سرد جنگ نہیں، انہوں نے صرف ان کے مؤقف پر بات کی ہے، شخصیت پر کبھی گفتگو نہیں کی اور ہمیشہ پارلیمانی انداز اور احترام کے ساتھ بات کی ہے۔

رانا ثنااللہ کے مطابق وزیراعظم نے انہیں معاملہ مزید نہ بڑھانے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ معاملہ بہت بڑھ گیا ہے، اسے کم کیا جائے۔

سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ان کامیابیوں کا کریڈٹ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی جنگ ہے اور اس معاملے پر سیاسی مؤقف اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی راستہ نہیں اور حکومت کو بھی یہی مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.