آسٹریلوی سینیٹر فاطمہ پیمان کا بیٹی کو گود میں لے کر پارلیمنٹ سے خطاب، ویڈیو وائرل
آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں سینیٹر فاطمہ پیمان کا اپنی چھ ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھا کر خطاب کرنے کا منظر توجہ کا مرکز بن گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آزاد سینیٹر فاطمہ پیمان 25 نومبر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنی بیٹی عالیہ کو ساتھ لے کر پہنچیں۔ وہ ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق قانون سازی پر گفتگو کر رہی تھیں اور اسی دوران بچی کو اپنے سینے سے لگائے رکھا۔
فاطمہ پیمان اطمینان کے ساتھ بیٹی کو گود میں اٹھائے ایوان سے خطاب کرتی رہیں، جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی ایک اور سینیٹر بچی کو کھیل کے ذریعے بہلاتی رہیں۔
اس موقع پر سینیٹر لیڈیا تھورپ نے بچی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہاتھوں سے دلچسپ اشارے کیے اور اس کے ساتھ چھپن چھپائی بھی کھیلنے لگیں۔ ایوان میں موجود دیگر ارکان اس منظر کو دیکھ کر مسکراتے رہے، جبکہ فاطمہ پیمان نے اپنا خطاب جاری رکھا۔
واضح رہے کہ فاطمہ پیمان مغربی آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والی آزاد سینیٹر ہیں اور پارلیمنٹ میں اپنے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کو جنم دینے والی اس ریاست کی پہلی سینیٹر ہیں۔
آسٹریلوی پارلیمنٹ کے قواعد کے تحت ارکان کو اجلاس کے دوران اپنے شیرخوار بچوں کو ساتھ رکھنے اور ان کی دیکھ بھال کی اجازت ہے۔ اس سہولت کا مقصد والدین کو بچوں کی پرورش اور پارلیمانی ذمہ داریوں میں سے کسی ایک کو ترک کرنے پر مجبور ہونے سے بچانا ہے۔