کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے خود بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملبے تلے ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں، جبکہ اطراف کی عمارتوں کا بھی حفاظتی جائزہ لیا جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ منہدم عمارت کے ملبے اور آس پاس کے علاقے سے شہریوں کی جان و مال کو لاحق ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے اسپتال انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کا حکم دیا۔
انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ہدایت کی کہ عمارت کے منظور شدہ نقشوں، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لیا جائے۔ انتظامیہ کو واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور غفلت یا غیر قانونی تعمیرات کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کرنے اور عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔