تازہ ترین

کیچ کے 174 اسکولوں کا معائنہ، غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

0

ضلع کیچ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور بنیادی سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 174 تعلیمی اداروں کے دورے کیے گئے، جہاں بعض اسکولوں میں بجلی، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی عدم دستیابی سامنے آئی، جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد، تحصیل سطح کے ایجوکیشن افسران، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کے تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، تدریسی سرگرمیوں اور اسکولوں میں دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی اور تحصیل سطح کے تعلیمی افسران نے اپنے علاقوں کے سرکاری اسکولوں کی صورتحال اور کارکردگی سے متعلق رپورٹس پیش کیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 174 اسکولوں کا دورہ کیا گیا، جہاں تعلیمی ماحول، اساتذہ کی حاضری اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ دوروں کے دوران بعض اسکولوں میں بجلی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کی نشاندہی ہوئی، جن کے حل کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ بعض اسکولوں میں اساتذہ اور دیگر ملازمین غیر حاضر پائے گئے، جن کے خلاف محکمانہ قواعد کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ غیر حاضر ملازمین کی فہرستیں محکمہ خزانہ کو ارسال کی جائیں تاکہ قواعد کے مطابق ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مستقل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف برطرفی سمیت سخت محکمانہ کارروائی کے لیے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے باقاعدہ عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیادی ضمانت ہے، اس لیے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں کی مسلسل نگرانی اور اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے، جبکہ باہمی رابطہ کاری اور جوابدہی کا نظام مضبوط بنایا جائے تاکہ ضلع کیچ کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.