تازہ ترین

کوہاٹ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

0

کوہاٹ: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کوہاٹ ریجن میں تھانہ ایم آر ایس کی حدود میں بازید خیل روڈ پر منکارہ پہاڑی کے قریب شام ساڑھے چھ بجے کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کوہاٹ کا رہائشی عبدالحئی اور شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل سے تعلق رکھنے والا عبدالرشید ولد نور محمد خان شامل ہیں، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عبدالحئی کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ ہلاک ہونے والا دوسرا دہشت گرد عبدالرشید بھی بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق اتحاد المجاہدین پاکستان سے تھا۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین بھی برآمد کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.