کراچی: شہر قائد میں گندم کا بحران سنگین ہونے لگا، آٹے کی قیمت پر محکمہ خوراک اور فلور ملز میں ڈیڈلاک برقرار ہونے سے ملز بند ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شہر میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہونے اور فلور ملز بند ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا۔
تاہم سرکاری درآمدی گندم کے آٹے کے نرخ پر محکمہ خوراک سندھ اور فلور ملز مالکان کے درمیان ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
فلور ملز کو 5 ہزار روپے فی بوری کے حساب سے درآمدی گندم ملنا شروع ہو گئی ہے، جس کے بعد فلور ملز مالکان نے سرکاری گندم کا آٹا 146 روپے فی کلو فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
سندھ حکومت آٹے کی سرکاری قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کرنے پر بضد ہے، جس کی وجہ سے محکمہ خوراک اور فلور ملز کے درمیان نرخوں پر اتفاق نہ ہو سکا اور معاملہ تعطل کا شکار ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما ملک اقبال کا کہنا ہے کہ فلور ملز کراچی پورٹ سے براہِ راست درآمدی گندم اٹھا رہی ہیں، تاہم اندرونِ سندھ سرکاری گندم کے چالان جاری ہونے کے باوجود ملوں کو تاحال گندم فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں گندم کی شدید قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خوروں نے من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
فلور ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں گندم کی طلب اور رسد کا فرق خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے اور دسمبر تک سپلائی مزید کم ہونے کا خدشہ ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر گندم فراہم نہ کی اور نجی شعبے کو درآمد کی اجازت نہ دی، تو کراچی کی فلور ملز بند ہونا شروع ہو جائیں گی اور مارکیٹ سے آٹا غائب ہو جائے گا۔