جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی معاملات میں مداخلت سے باز رہنے کا انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مداخلت کا سلسلہ جاری رہا تو جے یو آئی سڑکوں پر نکلے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلیں بھی بھر دے گی۔
پشاور میں نماز جمعہ کے اجتماع کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو جہاں ہے وہیں رک جانا چاہیے، بصورت دیگر جمعیت علمائے اسلام احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکن جیلوں کا رخ کرنے سے بھی نہیں گھبرائیں گے اور ان کی تعداد ختم نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والی قوتوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان کے بقول جماعت کے کارکن مشتعل مزاج نہیں بلکہ سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کی پشت پر سو سال سے زیادہ کی تاریخ ہے اور نوجوانوں کے لیے اپنی تاریخ سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مقصد کے لیے نہ خوفزدہ ہونا چاہیے اور نہ تھکنا چاہیے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے پاس نہ اسلحہ ہے اور نہ ڈنڈے، وہ سیاسی جدوجہد کے ذریعے اپنے مطالبات منوانا چاہتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کو قائم ہوئے ڈھائی سال ہو چکے ہیں اور اس دوران جے یو آئی کو حکومت میں شامل ہونے اور صوبائی حکومت لینے کی پیشکشیں کی جاتی رہی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جعلی مینڈیٹ تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار پر جماعت کو فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی فائلیں ان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کا جواب دیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود مرکز سے متعلق مبینہ تجاوزات کے معاملے پر کہا کہ مرکز تجاوزات میں نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ خود تجاوز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق سیاسی معاملات میں مداخلت اس کے دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا کے معدنی ذخائر کی چوری کی جا رہی ہے اور جب جے یو آئی نے اس معاملے کو سامنے لایا تو متعلقہ قوتیں ناراض ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اپنے حقوق کے ساتھ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی جدوجہد کرے گی۔