ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملہ، سعودی عرب کی مذمت
سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں سے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں مالی نقصان ہوا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے 19 نومبر کو جاری بیان میں کہا کہ مملکت کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔ سعودی عرب اپنی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والی کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق ہوں گے۔
بیان میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کریں۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملے اس خطرے کو نمایاں کرتے ہیں جو حوثی ملیشیا خطے اور عالمی سلامتی کے لیے پیدا کر رہی ہے۔