تازہ ترین

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

0

پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے ترکیہ کا تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترک جہاز کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔

انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا کہ ترکیہ نے تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی سمندری حدود میں ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اورچ رئیس کی آمد سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترک وزیر کے مطابق تحقیقی جہاز سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔ اس دوران حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد دیں گے۔

ترک وفد میں رکن پارلیمنٹ اور پاکستان ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوولو اور وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ عشائیے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزیراعظم کے مشیر و معاونین خصوصی بھی شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.