کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان پکنک منانے کے لیے موٹر سائیکلوں پر جا رہے تھے۔
سرکاری حکام کے مطابق دھماکہ دالبندین سے جنوب مغرب میں واقع علاقے خرگوشکاں میں ہوا، جہاں سات نوجوان تین موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر جا رہے تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر دو، دو جبکہ تیسری موٹر سائیکل پر تین نوجوان سوار تھے۔
حکام کے مطابق تین نوجوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت سہیل بنگلزئی، عرفان بنگلزئی اور الطاف نوتیزئی کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن بلوچ نے دھماکے کے باعث تینوں نوجوانوں کی موت کی تصدیق کی۔
ڈاکٹر حسن بلوچ کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔