تازہ ترین

لورالائی ڈویژن میں افسران کو فیلڈ وزٹس اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ہدایت

0

کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے سرکاری افسران اور ملازمین کو خبردار کیا ہے کہ فرائض میں غفلت، غیر حاضری اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیشگی اطلاع اور مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اسٹیشن چھوڑنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

ڈویژنل ہیڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ولی محمد بڑیچ نے مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ لی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے دورے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ وزٹس کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کی تصاویر، پیش رفت اور کارکردگی پر مشتمل رپورٹس مرتب کرکے پیش کی جائیں، جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔

کمشنر نے سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات ترجیحی بنیادوں پر سنی جائیں اور ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط ہو۔

اجلاس کے دوران کمشنر نے تمام محکموں سے جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات، تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار سے متعلق رپورٹس بھی طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل، فنڈز کا شفاف استعمال اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی محکموں کے سربراہان کی اولین ذمہ داری ہے۔

ولی محمد بڑیچ نے سرکاری بھرتیوں اور تقرریوں کے حوالے سے محکمہ خزانہ کی تصدیق لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مالیاتی تصدیق کے بغیر کسی بھی قسم کی تقرری عمل میں نہ لائی جائے۔

اجلاس کے اختتام پر انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری مشینری کی مؤثر فعالیت اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے تمام محکموں کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.