الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ ہوا تو سعودی بندرگاہیں نشانے پر ہوں گی، حوثیوں کی دھمکی
یمن میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں حوثیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو جدہ سمیت بحیرۂ احمر میں واقع سعودی بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے الحدیدہ بندرگاہ پر کارروائی کی صورت میں سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ان کے اہداف میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے بندرگاہوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر ملازمین سمیت قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو ان مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ حوثی ترجمان نے شپنگ کمپنیوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے تمام جہاز اور کشتیاں بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔
یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی فوجی اتحاد نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ اور اس کے اطراف موجود شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ فراہم کردہ نقشے کے مطابق اپنی حفاظت کے پیش نظر الحدیدہ بندرگاہ سے نکل جائیں۔