تازہ ترین

محسن نقوی کی پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں سے ملاقات، ٹیسٹ سیریز پر اظہارِ اطمینان

0

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ٹیم، پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیموں کے درمیان دسمبر میں تین ٹیموں کی ٹرائی سیریز کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعے کو محسن نقوی نے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز انتہائی شاندار رہی اور اس دوران کئی ریکارڈز قائم ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز طویل عرصے تک یاد رکھی جائے گی اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم بھی اس حوالے سے کرکٹ کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹیم، پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیموں کے درمیان تین ٹیموں کی سیریز دسمبر میں منعقد ہوگی۔ اس کے مقابلے فیصل آباد یا پشاور میں کرانے کی تجویز ہے۔

ملاقات کے دوران سری لنکن حکام نے پاکستان میں مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون جاری رہنا چاہیے۔

سری لنکن حکام نے پاکستانی ٹیم اور کرکٹ بورڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں ڈرا ہوا تھا، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے جیت لی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.