تازہ ترین

نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کا مطالبہ غیر آئینی نہیں، علی خورشیدی

0

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بات کرنا کوئی غیر آئینی عمل نہیں، جبکہ نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے پر دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے دلیل سے بات کی جانی چاہیے۔

کراچی میں سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خورشیدی نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان اور رویے پر تنقید کی اور الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی اپنے مفادات کے مطابق آئین اور جمہوریت کی تشریح کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب عوام کو بااختیار بنانے کی بات ہوتی ہے تو بعض سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی مفادات متاثر ہونے کا خدشہ لاحق ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق نئے انتظامی نظام کا مقصد عام شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔

علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ بھر کے میئرز اور چیئرمینز کی پریس کانفرنس پر بھی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا پارٹی کے وزرا اور ترجمان کم پڑ گئے تھے جو بلدیاتی نمائندوں کو بلانا پڑا۔ انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی اعتراضات اٹھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کو غداری سے تشبیہ دینا درست نہیں اور اس پر خونریزی کی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی نئے صوبوں کے قیام کی بات ہوتی رہی ہے، لیکن وہاں ایسے مطالبات پر خونریزی کی بات نہیں کی گئی۔

ایم کیو ایم رہنما نے کراچی کے میئر کے انتخاب پر بھی سوالات اٹھائے اور پیپلز پارٹی سے سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کے دوران عوام کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے اوباڑو تک عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔

علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عدم تشدد کی پالیسی کے تحت اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بنیادی سہولتوں کی صورت حال پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بعض شہروں میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے 2012 میں نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی 2014 میں اس حوالے سے قرارداد منظور ہوئی تھی۔ ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ اب صرف ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا بیانیہ بن چکا ہے۔

علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کے شہری علاقوں میں بدامنی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے پارٹی شہر میں کشیدگی نہ ہونے دینے کی بات کر رہی ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل اور تاریخ کے اعلان کا اختیار پارٹی قیادت کے پاس ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.