تازہ ترین

پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور منشیات اسمگلنگ روکنے کے معاہدوں پر دستخط

0

اسلام آباد: پاکستان اور قطر نے داخلی سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت اور ایکشن پلان پر دستخط کردیے، جبکہ دونوں ممالک نے پولیس، سائبر سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق معاہدے پر قطر کی داخلی سلامتی فورس (لخویا) اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے دونوں ممالک کی جانب سے دستاویزات پر دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک استقبال کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے قطری قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو بھی سراہا، جو پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور وہاں کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

قطری وزیر داخلہ نے پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم تک امیر قطر کے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق محسن نقوی اور ان کے قطری ہم منصب نے پولیس افسران کے تبادلے کے پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ قطر کی نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

معاہدوں کے تحت قطر پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج تعمیر کرے گا۔ محسن نقوی نے قطر کی جانب سے اینٹی نارکوٹکس فورس کو جدید اسکینرز فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مشترکہ کارروائیاں اور معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ پاکستان اور قطر کے باہمی تعاون سے گزشتہ چار برس کے دوران منشیات کے 300 مقدمات پکڑے گئے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ اس کی سرزمین منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال نہ ہو۔ انہوں نے سائبر کرائم کو بین الاقوامی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی امور پر معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے قطری وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.