تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 دہشت گرد مارے گئے

0

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔

بنوں میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ اس طرح تینوں علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔

آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے علاقے کولپور میں 14 نومبر کو ہونے والی ایک الگ کارروائی کی تفصیلات بھی بیان کیں، جس میں خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 13 نومبر سے کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں متعدد انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری تھیں۔ ان کارروائیوں میں علاقے کی کلیئرنس، سیکیورٹی گشت اور کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر ٹریفک کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے اقدامات شامل تھے۔

بیان کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.