تازہ ترین

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ سیکیورٹی امور پر گفتگو

0

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ خاص طور پر سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیر داخلہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قابلِ قدر قرار دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید گہرے کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور باہمی رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.