اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ درمیانی مدت میں درآمدات میں اضافے اور ترسیلاتِ زر کی رفتار سست ہونے سے پاکستان کی مالی صورتحال دباؤ کا شکار ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر ملک کو اپنے مالیاتی ذخائر اور معاشی وسائل مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کرنا ہوں گے۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کے نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے پاکستان پراسپیرٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی ہے، تاہم اس استحکام کو پائیدار ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل، منصفانہ اور مرحلہ وار اصلاحات ضروری ہیں۔
انہوں نے اس سوال کا واضح جواب نہیں دیا کہ آیا پاکستان موجودہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہونے کے بعد اگلے پانچ سال تک کسی نئے پروگرام سے بچ سکے گا یا نہیں۔
ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان کی بنیادی معاشی مشکلات میں انسانی اور طبعی سرمائے میں کم سرمایہ کاری شامل ہے۔ سرمایہ کاری کی کمی سے پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ کمزور پیداوار، محدود سرمایہ کاری اور کم برآمدات ایک دوسرے کے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 10 فیصد تک محدود ہوچکی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں افرادی قوت کم پیداواری صلاحیت رکھنے والے زرعی شعبے سے وابستہ ہے۔
آئی ایم ایف نمائندے نے کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اس کی معاشی ساخت اور بچت و سرمایہ کاری کے فرق سے مطابقت رکھتا ہے۔ مالیاتی اور بیرونی شعبوں میں استحکام کے لیے ٹیکس، تجارتی پالیسی اور بیرونی شعبے میں اصلاحات ضروری ہیں۔ پاکستان کو ایک وسیع، مستحکم اور قابلِ پیش گوئی ٹیکس نظام تشکیل دینا ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے معاشی حفاظتی ذخائر ابھی محدود ہیں اور پالیسیوں میں نظم و ضبط کمزور پڑنے سے حاصل ہونے والی کامیابیاں ضائع ہوسکتی ہیں۔ عالمی تنازعات میں شدت، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی تجارت میں رکاوٹیں بھی پاکستان کے لیے بڑے خطرات ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ملک میں اختیارات کی حقیقی منتقلی کسی نہ کسی صورت یقینی بنانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نقد مالی امداد طویل مدتی مسائل کا حل نہیں، اس لیے قومی مالیاتی کمیشن کے وسائل کی تقسیم کے موجودہ فارمولے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔
ماہرِ معاشیات رضوان راوجی نے آئی ایم ایف پروگراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے غلط معاشی مشورے دیے ہیں جنہیں سخت شرائط کے ذریعے نافذ کیا جاتا ہے، اور ان اقدامات سے ترقی متاثر ہوتی ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو قواعد و ضوابط عالمی معیار کے مطابق بنانے اور بین الاقوامی خریداروں کے اعتماد کے حصول کے لیے مصنوعات کی جانچ کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔