تازہ ترین

حکومت نے مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ رہائش گاہ سے سیکورٹی واپس لے لی

0

ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات وفاقی کانسٹیبلری کے دستے سمیت پارٹی کے متعدد رہنماؤں کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ پارٹی ترجمان نے اس اقدام کو ’’بدترین فسطائیت‘‘ قرار دیا ہے۔

صحافی طاہر خان کے مطابق جے یو آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات وفاقی کانسٹیبلری کا دستہ بدھ کی رات واپس بلایا گیا۔ پارٹی کے مطابق یہ اہلکار اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں قیام کے دوران بھی مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا کے ہمراہ تعینات پولیس اہلکاروں اور موبائل سیکیورٹی گاڑی کو بھی واپس لے لیا گیا، جبکہ اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کی سیکیورٹی پر مامور وفاقی کانسٹیبلری اور پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا اور انہیں 15 منٹ کے اندر روانہ ہونے کا حکم دیا گیا۔

پارٹی بیان کے مطابق سینیٹر اور جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سربراہ مولانا عطاء الرحمٰن کے ساتھ تعینات دو پولیس اہلکاروں کو بھی واپس جانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مولانا لطف الرحمٰن کی سیکیورٹی ختم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان نے سیکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کو ’’بدترین فسطائیت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پارٹی قیادت کے خلاف حکومتی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جے یو آئی کے رہنما گزشتہ چند ہفتوں سے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔ تاحال حکومت کی جانب سے پارٹی کے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.