گوادر: مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے مقام پر مسافر کوچ اور گیس باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس حکام اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ڈی ایس پی نبیل بلوچ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام 10 افراد آگ میں جھلسنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے مسافر کوچ سے 8 جبکہ گیس باؤزر سے 2 افراد کی لاشیں نکالیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 27 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔