لاہور: پاکستان میں تعلیمی قابلیت کے حوالے سے سامنے آنے والے اعدادوشمار نے تعلیمی پسماندگی کی صورتِ حال واضح کر دی ہے، جہاں مجموعی آبادی کا 67.5 فیصد حصہ اب بھی میٹرک سے کم تعلیم یافتہ ہے، جبکہ اعلیٰ تعلیمی ڈگری رکھنے والے افراد کا تناسب بھی محدود ہے۔
سرکاری تخمینوں کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی میں میٹرک پاس افراد کا تناسب تقریباً 15 سے 16 فیصد ہے، جبکہ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والے افراد کی شرح 8 سے 9 فیصد کے درمیان ہے۔ اسی طرح بی اے، بی ایس یا اس سے اعلیٰ یونیورسٹی ڈگری رکھنے والے افراد مجموعی آبادی کا تقریباً 6 سے 7 فیصد ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر کے ہائی اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد تقریباً 58 لاکھ ہے، تاہم میٹرک کی سطح پر خالص اندراج کی شرح صرف 30 فیصد بتائی گئی ہے۔ انٹرمیڈیٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تقریباً 31 لاکھ 70 ہزار طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
ڈگری کالجوں میں بی اے، بی ایس اور دیگر اعلیٰ تعلیمی پروگراموں کے تحت تقریباً 9 لاکھ 40 ہزار طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ ملک کی جامعات میں مجموعی طور پر تقریباً 20 لاکھ طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔
صوبائی سطح پر گریجویشن کی شرح پنجاب میں 4.72 فیصد بتائی گئی ہے، جہاں خواتین میں یہ تناسب 5.43 فیصد اور مردوں میں 4.15 فیصد ہے۔ پنجاب میں ماسٹرز یا اس سے اعلیٰ تعلیم رکھنے والوں کی شرح 2.58 فیصد ہے۔
خیبر پختونخوا میں گریجویٹ افراد کا تناسب تقریباً 4 فیصد، سندھ میں 5.5 فیصد جبکہ بلوچستان میں صرف 2.5 فیصد بتایا گیا ہے۔