تازہ ترین

مصدق ملک 20 نومبر کو ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی جائیں گے

0

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی کے باوجود ایک اہم سفارتی سرگرمی سامنے آئی ہے، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے رواں ہفتے نئی دہلی جائیں گے۔

بھارت روانگی سے قبل مصدق ملک نے بدھ کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی، جس میں نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس اور پاکستان کی شرکت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

20 سے 22 نومبر تک ہونے والا یہ دورہ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی شہر گوا کا دورہ کیا تھا۔ یہ دورہ مئی 2025 میں دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد بھی کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ ہوگا۔

اس پیشرفت نے پاکستان اور بھارت دونوں میں سیاسی اور سفارتی حلقوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی پاکستانی وزیر کو دعوت دینے کے مودی حکومت کے فیصلے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ کانگریس رہنماؤں منیش تیواری اور سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے پاکستان کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے حکومت کی پالیسی پر تنقید کی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے موجودہ چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان رکن ممالک کے درمیان تعاون، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں چار روزہ فوجی تصادم کے بعد سے سفارتی تعلقات میں تعطل برقرار ہے۔ اگرچہ اس تنازع کے بعد جنگ بندی قائم ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لانے یا باضابطہ مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی نمایاں پیشرفت نہیں ہوسکی۔

اپریل 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے، سندھ طاس معاہدے معطل کرنے اور کئی دوطرفہ سرگرمیاں روکنے کے اقدامات کیے تھے۔ نئی دہلی نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جسے اسلام آباد نے مسترد کردیا تھا۔ پاکستان نے جواب میں دوطرفہ تجارت معطل کرنے اور بھارتی فضائی کمپنیوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے سمیت مختلف اقدامات کیے تھے۔

اس کے بعد پانی کا تنازع بھی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ بن گیا، جبکہ پاکستان مسلسل خبردار کرتا رہا ہے کہ بھارت کو پاکستانی حصے کے دریاؤں کا پانی روکنے کا اختیار حاصل نہیں۔

موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے درمیان جامع دوطرفہ مذاکرات کا کوئی سلسلہ جاری نہیں اور سفارتی رابطے بھی محدود ہیں۔ مسئلہ کشمیر سمیت اہم تنازعات پر دونوں ملک اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

مصدق ملک کی نئی دہلی میں شرکت دوطرفہ مذاکرات کے بجائے شنگھائی تعاون تنظیم کے کثیرالجہتی پلیٹ فارم کے تحت ہوگی۔ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندے تہذیبی مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بھارت نے اس افتتاحی اجلاس میں تنظیم کے تمام 10 رکن ممالک کو دعوت دی ہے۔

پاکستان اگست 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، جس کے تناظر میں نئی دہلی کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت اہمیت رکھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.