تازہ ترین

فروخت میں کمی کے باوجود پاکستان کی فارما کمپنیوں کے منافع میں 5 فیصد اضافہ

0

کراچی: پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ادویہ ساز کمپنیوں نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران فروخت میں کمی کے باوجود منافع میں اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جس کی بنیادی وجوہات ادویات کے مجموعی منافع کی شرح میں بہتری اور اخراجات پر قابو پانے کے اقدامات بتائی گئی ہیں۔

جے ایس گلوبل کے جائزے کے مطابق کیلنڈر سال 2026 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی نو لسٹڈ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی مجموعی آمدن میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ان کمپنیوں کی آمدنی میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ نو کمپنیاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فارما سیکٹر کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تقریباً 93 فیصد حصہ رکھتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی فارما انڈسٹری کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 12 فیصد جبکہ سہ ماہی بنیاد پر 8 فیصد اضافہ ہوا، لیکن منتخب لسٹڈ کمپنیوں کی فروخت میں سالانہ کمی دیکھی گئی۔ اس کی بڑی وجوہات تجارتی رعایتوں میں اضافہ اور افغانستان کو برآمدات کی مکمل بندش بتائی گئی ہیں۔

تحقیق کے مطابق اکتوبر 2025 سے افغانستان کے ساتھ زمینی راستوں کے ذریعے تجارت متاثر ہے، جبکہ اپریل 2026 سے فضائی راستوں کے ذریعے تجارت بھی تعطل کا شکار رہی۔ پاکستانی ادویہ ساز برآمد کنندگان نے متبادل منڈیوں کی تلاش شروع کی، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے برآمدات کے ماحول کو مزید مشکل بنا دیا۔

فروخت میں کمی کے باوجود فارما سیکٹر کا مجموعی گراس مارجن سالانہ بنیاد پر 3 فیصد پوائنٹس اور سہ ماہی بنیاد پر 2.4 فیصد پوائنٹس بڑھ کر 45 فیصد ہوگیا۔ رپورٹ میں اس بہتری کی وجہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور پیداواری اخراجات کو بہتر انداز میں منظم کرنے کو قرار دیا گیا ہے۔

انفرادی کمپنیوں کی کارکردگی میں فیروز سنز لیبارٹریز نے سب سے زیادہ ترقی ریکارڈ کی، جس کی خالص فروخت میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔ اس بہتری میں جنیرک ادویات اور طبی آلات کی زیادہ فروخت نے اہم کردار ادا کیا۔

گلیکسو اسمتھ کلائن پاکستان کی خالص فروخت میں 17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس کے گراس مارجن میں 2 فیصد پوائنٹس بہتری آئی۔ کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 28 فیصد بڑھ کر 8 روپے 20 پیسے ہوگئی۔

ایبٹ لیبارٹریز پاکستان کی فی حصص آمدن 40 فیصد اضافے کے ساتھ 25 روپے 98 پیسے تک پہنچ گئی۔ کمپنی کی خالص فروخت میں 4 فیصد جبکہ مقامی فروخت میں 5.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دی سیرل کمپنی کی فروخت میں بھی تیسری سہ ماہی کے دوران 18 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب ہیلون پاکستان کی خالص فروخت 37 فیصد کمی کے ساتھ 6 ارب 60 کروڑ روپے رہ گئی، جس کی بڑی وجہ بغیر نسخے کے فروخت ہونے والی ادویات کے شعبے میں کمزور کارکردگی تھی۔ کمپنی کی فی حصص آمدن میں بھی 5 فیصد کمی ہوئی اور یہ 13 روپے 5 پیسے رہی۔ تاہم گراس مارجن 15 فیصد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 55 فیصد تک پہنچ گیا، جس کی وجہ رپورٹ میں کسٹمز ڈیوٹی کی ایک مرتبہ ہونے والی ایڈجسٹمنٹ بتائی گئی ہے۔

اے جی پی لمیٹڈ کی مجموعی فروخت میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس پر افغانستان کے ساتھ تجارت کی بندش اور صارفین کی کمزور قوت خرید نے اثر ڈالا۔ اس کے باوجود کمپنی کا گراس مارجن 3 فیصد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 65 فیصد ہوگیا۔ کمپنی اپنی گروپ کی ذیلی ادارے او بی ایس فارما کے ساتھ مجوزہ انضمام کے عمل پر بھی کام کر رہی ہے، جس سے 2027 میں فی حصص آمدن میں 13 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ہائی نون لیبارٹریز کی مجموعی آمدن میں 27 فیصد اضافہ ہوا اور فی حصص آمدن 17 روپے 57 پیسے تک پہنچ گئی، جبکہ خالص فروخت میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں مالی سال 2027 کے وفاقی بجٹ میں متعارف کرائی گئی بعض سہولیات کو بھی فارما انڈسٹری کے لیے مثبت قرار دیا گیا ہے۔ ان میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف، کمپنیوں پر سپر ٹیکس میں 2 فیصد پوائنٹس کمی اور کینسر و مانع حمل ادویات میں استعمال ہونے والے ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزا پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت شامل ہے۔

جائزے کے مطابق رواں کیلنڈر سال کے دوران فارما سیکٹر کے حصص کی کارکردگی مجموعی مارکیٹ کے مقابلے میں کمزور رہی۔ اس عرصے میں فارما سیکٹر میں 15 فیصد کمی جبکہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 فیصداضافہ ہوا۔

ماہرین نے درمیانی اور طویل مدت میں ادویات کی طلب کے حوالے سے مثبت امکانات ظاہر کیے ہیں۔ ان کے مطابق موسم سرما سے قبل وائرل انفیکشن میں اضافے کے باعث ضروری ادویات کی طلب بڑھ سکتی ہے، جبکہ افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت کی بحالی یا انسانی بنیادوں پر ادویات کی برآمدات کی اجازت بھی فارما سیکٹر کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں ادویات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے، جدید علاج کی طلب اور عالمی برانڈز کے مقابلے میں کم قیمت مقامی متبادل ادویات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو بھی مستقبل میں صنعت کی ترقی کے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.