تازہ ترین

بھارت کو پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کا اختیار نہیں، پاکستان کا اقوام متحدہ میں دوٹوک مؤقف

0

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے اور پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام قدرتی وسائل اور تنازعات کی روک تھام کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026 کو اپنے فیصلے میں سندھ طاس معاہدے کو بدستور نافذ العمل قرار دیا ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو مشترکہ قدرتی وسائل کو بین الاقوامی قوانین اور معاہداتی ذمہ داریوں کے برخلاف دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی سمیت سرحد پار مشترکہ قدرتی وسائل کا انتظام باہمی تعاون اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔

قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل کو استحصال اور لڑائیوں کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے افریقی ممالک کی جانب سے اپنے قدرتی وسائل پر خودمختار اختیار کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کا غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی اجارہ داری اکثر قدرتی وسائل کو تنازعات کی وجہ بنا دیتی ہے۔ انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی وسیع دولت عوام کی خوشحالی کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین بنیادی ترجیحات بھی پیش کیں، جن میں تنازعات کی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا خاتمہ، وسائل کی منصفانہ تقسیم، غیر قانونی ترسیل اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت، جبکہ ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری، مقامی پیداوار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر کے حصول کو یقینی بنانا شامل ہے۔

سفیر عثمان جدون نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر پاکستان کے فرسٹ سیکریٹری انصار شاہ نے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حقائق سے توجہ ہٹانے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے اصل معاملے کو الجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس میں کسی ایک فریق کو یکطرفہ طور پر اسے معطل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ ان کے مطابق بھارت کا یہ مؤقف کہ 1960 میں طے پانے والے معاہدے پر اب نظرثانی ہونی چاہیے، قانونی ذمہ داریوں سے انحراف کا جواز نہیں بن سکتا۔

انصار شاہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیاں 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور روزگار کے لیے خطرہ ہیں۔ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی معاہدے کا جائزہ نہیں بلکہ دباؤ ڈالنے کا حربہ ہے۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے بھارتی اقدامات اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔

فرسٹ سیکریٹری نے پاکستان کے داخلی معاملات سے متعلق بھارتی نمائندے کے ریمارکس کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک قانون پسند اور ذمہ دار ملک ہے، جو قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی حقوق پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین، معاہدوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کی پاسداری کرے۔

آخر میں پاکستانی نمائندے نے کہا کہ عالمی برادری کی مشترکہ کوشش ہونی چاہیے کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنایا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.