تازہ ترین

آٹو انڈسٹری کو مشکلات، گاڑیوں کے ہیڈ لیمپس کے بلب درآمد کرنے کی اجازت مانگ لی گئی

0

اسلام آباد: گاڑیوں کے مقامی مینوفیکچررز کو ہیڈ لیمپس میں استعمال ہونے والے مخصوص بلبز کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث آٹو انڈسٹری نے حکومت سے فوری مداخلت اور درآمدی پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) نے وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کو خط لکھ کر ایس آر او 547(I)/2023 میں مجوزہ ترمیم کی جلد منظوری دینے کی درخواست کی ہے، تاکہ گاڑیوں کے ہیڈ لیمپس میں استعمال ہونے والے انکینڈیسنٹ بلبز کو درآمدی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا جاسکے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرحمٰن اعجاز نے خط میں بتایا کہ مذکورہ ایس آر او اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) کی متعلقہ پابندیوں کے باعث گاڑیوں کے ہیڈ لیمپس میں استعمال ہونے والے انکینڈیسنٹ اور ہیلوجن بلبز کی درآمد بھی متاثر ہوئی ہے۔

ان کے مطابق یہ پابندیاں بنیادی طور پر گھریلو اور تجارتی روشنی کے نظام میں استعمال ہونے والے بلبز کے لیے متعارف کرائی گئی تھیں، جبکہ گاڑیوں کے ہیڈ لیمپس میں استعمال ہونے والے مخصوص بلبز کو ان پابندیوں میں شامل کرنا مقصود نہیں تھا۔ یہ بلب اصل سازوسامان بنانے والی کمپنیوں (OEM) کے مقرر کردہ معیار کے مطابق تیار کیے جاتے ہیں۔

PAAPAM کے مطابق اس معاملے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جاچکا ہے اور نیئیکا نے بھی تسلیم کیا ہے کہ گاڑیوں میں استعمال ہونے والے انکینڈیسنٹ بلبز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنا غیر ارادی تھا۔

20 اکتوبر 2026 کو انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کی جانب سے آٹو انڈسٹری کے مسائل پر منعقدہ آن لائن اجلاس میں نیئیکا نے شرکا کو آگاہ کیا تھا کہ ضروری ترمیم کی منظوری کے لیے سمری وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کو بھجوائی جاچکی ہے، جس کے بعد اسے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جانا ہے۔

ایسوسی ایشن نے اب پاور ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ ترمیم کی منظوری کا عمل تیز کیا جائے تاکہ آٹو مینوفیکچررز کو بلبز کی معمول کے مطابق فراہمی بحال ہوسکے۔

PAAPAM کا کہنا ہے کہ اس کی رکن کمپنیاں ایس آر او 655 کے تحت گاڑیوں کے مختلف پرزوں کی مقامی تیاری کو فروغ دے رہی ہیں اور ہیڈ لیمپس کی تیاری بھی ملک میں شروع کرچکی ہیں، تاہم ان میں استعمال ہونے والے انکینڈیسنٹ اور ہیلوجن بلبز اب بھی درآمد کیے جاتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ان مخصوص بلبز پر پابندی سے مقامی مینوفیکچررز کو عملی مشکلات کا سامنا ہے، حالانکہ حکومت کی پالیسی کا مقصد ملکی سطح پر گاڑیوں کے پرزوں کی تیاری اور مقامی صنعت کو فروغ دینا ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کے ہیڈ لیمپ بلبز کی درآمدی کھیپیں اس وقت بندرگاہوں پر رکی ہوئی ہیں، جس سے سپلائی چین متاثر ہورہی ہے اور گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کے پیداواری شیڈول میں تعطل کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

PAAPAM نے خبردار کیا ہے کہ ضروری پرزوں کی کلیئرنس میں مزید تاخیر سے ملک میں گاڑیوں کی بلا تعطل پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر سے درخواست کی ہے کہ مجوزہ ترمیم کی جلد منظوری کے لیے کردار ادا کیا جائے تاکہ آٹو انڈسٹری کو درپیش مشکلات ختم اور پرزوں کی فراہمی بحال ہوسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.