اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی طبی سہولیات اور جیل میں ملاقاتوں پر پابندیوں کا معاملہ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے، ان کے وکیل نے جیل حکام کو قانونی نوٹس بھجوا کر مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل کیا جائے اور عدالتی احکامات کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کا حوالہ دیا، جس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ حکام کو سابق وزیراعظم کے لیے جامع طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
وکیل نے الزام عائد کیا کہ عدالتی ہدایات کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کے بجائے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جایا گیا۔
قانونی نوٹس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 اگست 2026 کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا گیا، جس میں عمران خان کو دورانِ حراست حاصل حقوق کا ذکر کیا گیا تھا۔ ان حقوق میں اہل خانہ اور اہلیہ سے ملاقات، برطانیہ میں مقیم اپنے بیٹوں سے آڈیو اور ویڈیو رابطہ، اخبارات، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی کے علاوہ روزانہ ایک گھنٹے کی بیرونی ورزش شامل ہے۔
خالد یوسف چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو تنہائی میں رکھنا اور انسانی رابطوں پر پابندیاں عائد کرنا سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے جیل حکام سے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات میں فراہم کردہ تمام سہولیات بحال کی جائیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئینی بالادستی کے دعوے کو عملی شکل دینے کے لیے خیبرپختونخوا میں منتخب حکومت کی بحالی میں کردار ادا کریں۔
کراچی میں بلاول بھٹو کی ایک روز قبل ہونے والی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس سلسلے میں پہلا قدم اٹھاتے ہوئے خیبرپختونخوا میں اپنے گورنر سے استعفیٰ طلب کرنا چاہیے اور صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی جمہوریت اور آئینی بالادستی کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو اسے خیبرپختونخوا میں منتخب حکومت بحال کرنے اور اپنے گورنر کو عہدہ چھوڑنے کا کہنا چاہیے۔
راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک میں آئینی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، جبکہ جمہوریت سے متعلق سیاسی جماعتوں کے دعووں کا اصل ثبوت ان کے عملی اقدامات ہوتے ہیں۔