تازہ ترین

دو دہائیوں بعد آسیان سیکریٹری جنرل کا پاکستان کا دورہ، اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں جاری

0

اسلام آباد: جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں موجود ہیں، جہاں وہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد آسیان سیکریٹریٹ کی جانب سے یہ پاکستان کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے، جسے دونوں فریقوں کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 18 سے 20 نومبر تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران آسیان سیکریٹری جنرل کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں پاکستان اور آسیان کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال جاری ہے۔

ملاقاتوں میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور بھی زیرِ بحث ہیں، جن میں دونوں فریق اپنے مؤقف کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور آسیان کے درمیان تعاون کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان 1993 سے آسیان کا شعبہ جاتی مکالمے کا شراکت دار ہے، جبکہ 2004 سے آسیان ریجنل فورم کا رکن بھی ہے۔

رواں سال نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے 33ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے عالمی امن اور استحکام کو درپیش اہم چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا تھا۔ ان میں مسئلہ کشمیر اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے حصے کے پانی سے متعلق دھمکیوں کا معاملہ بھی شامل تھا۔

اس سے قبل گزشتہ سال آسیان کے سات رکن ممالک کے سفیروں نے وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے مشترکہ ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.