حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 3، 3 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے ہوگا۔
اوگرا کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 322 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل بھی 3 روپے سستا ہونے کے بعد 355 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جارہی ہے، جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ رعایتی پیٹرول کی حد 30 لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن کا پیغام بھیجنا ہوگا۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبے کے نام کا پہلا لفظ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن مکمل ہونے پر شہریوں کو تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔ پیٹرول پمپ جانے سے پہلے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنے سے ٹوکن نمبر حاصل کیا جاسکے گا، جسے پیٹرول پمپ پر دکھا کر رعایتی پیٹرول وصول کیا جاسکے گا۔