تازہ ترین

وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری سے وکلاء کی فلاح و بہبود کے چار اہم نوٹیفکیشنز جاری

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری سے صوبے بھر کے وکلاء کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے چار اہم نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں، جن کے تحت وکلاء کو گریڈ 18 کے سرکاری افسران کے مساوی طبی سہولیات، دورانِ فرائض شہادت کی صورت میں 90 لاکھ روپے تک معاوضہ، مالیاتی اداروں سے سہولیات اور بڑی کمپنیوں میں قانونی مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ اقدامات لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت کیے گئے ہیں۔ ان نوٹیفکیشنز کے اجرا میں ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڑین دشتی ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایاز خان مندوخیل ایڈووکیٹ، محمد افضل حریفال ایڈووکیٹ، نجیب اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ اور نادر چھلگری ایڈووکیٹ سمیت پروفیشنل پینل کے دیگر رہنماؤں نے کردار ادا کیا۔

محکمہ صحت بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت تمام سرکاری اور نیم سرکاری اسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وکلاء، ان کی بیگمات اور زیر کفالت بچوں کو گریڈ 18 کے گزٹڈ سرکاری افسران کے مساوی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان سہولیات کے حصول کے لیے متعلقہ بار کونسل کی تصدیق اور مستند آفیشل کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

اسی طرح محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 13 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران دہشت گردی یا کسی دوسرے حملے میں شہید ہونے والے وکیل کے اہل خانہ شہداء پیکیج کے مستحق ہوں گے۔ اس پیکیج کے تحت لواحقین کو مالی معاونت کی مد میں 90 لاکھ روپے تک معاوضہ فراہم کیا جاسکے گا۔ متعلقہ ضلعی معاوضہ کمیٹی کیس کی مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد اپنی سفارشات محکمہ داخلہ کو ارسال کرے گی، جبکہ واقعے کے دو ہفتوں کے اندر کیس محکمہ داخلہ کو بھجوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 5 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔

محکمہ خزانہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 12 پر عمل درآمد کے لیے تمام مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وکلاء کو بلاامتیاز مالی سہولیات فراہم کریں۔ کسی وکیل کے ساتھ امتیازی سلوک یا متعلقہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متاثرہ وکیل کی شکایت پر متعلقہ اتھارٹی کارروائی کرسکے گی۔

دوسری جانب محکمہ قانون و پارلیمانی امور بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت سرکلر جاری کیا ہے، جس کے مطابق 20 ملین روپے سے زائد ادا شدہ سرمایہ رکھنے والی ہر رجسٹرڈ کمپنی، خودمختار ادارے، کارپوریشن اور قانونی اتھارٹی کے لیے کم از کم ایک پریکٹسنگ وکیل کو ریٹینر شپ کی بنیاد پر قانونی مشیر مقرر کرنا لازمی ہوگا۔ تاہم کوئی بھی وکیل بیک وقت تین سے زائد ایسے اداروں میں قانونی مشیر کے طور پر خدمات انجام نہیں دے سکے گا۔

پروفیشنل پینل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وکلاء برادری کی اجتماعی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے وکلاء کے مسائل حل کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

منیر احمد خان کاکڑ، جاڑین دشتی، ایاز خان مندوخیل، محمد افضل حریفال، نجیب اللہ کاکڑ اور نادر چھلگری نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، سیکریٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی اور سیکریٹری قانون ڈاکٹر پرویز نوشیروانی کا نوٹیفکیشنز کے اجرا میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی وکلاء برادری ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.