تازہ ترین

ن لیگ کی کارکردگی تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر ہے، نواز شریف

0

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیے، مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی دیگر جماعتوں سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بتایا جانا چاہیے کہ ان کی حکومت نے کیا کام کیے اور گزشتہ حکومت نے کیا کارکردگی دکھائی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے مظفرآباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور انتخابی وعدوں پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات بھی ملاقات میں شریک ہوئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توانائی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

بعد ازاں نواز شریف نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلم لیگی رہنماؤں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں عوام کا جذبہ قابل دید تھا اور اس وقت ہی اندازہ ہو رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر جیسا جذبہ رکھتے ہیں، ان کا اپنا جذبہ بھی ایسا ہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے۔ ماضی میں ایسی حکومتیں بھی آئیں جنہیں عوام کی کوئی فکر نہیں تھی، ان کی ناقص کارکردگی سے آزاد کشمیر میں ترقی کا عمل متاثر ہوا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے اور سابقہ حکومتیں عوام سے کیے گئے وعدے بھول گئیں، جس کے باعث عوام کے ساتھ بے حسی کا سلوک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود وزیراعظم بن گئے ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں اور انہوں نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں فراہم کی ہیں۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر میں موٹروے تعمیر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کی توجہ ہمیشہ تعمیر و ترقی پر رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کو تیزی سے بجلی کے کارخانے لگانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو صفر پر لانا معمولی کامیابی نہیں تھی۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں طویل لوڈشیڈنگ ختم کی گئی اور بجلی کے بل 200، 200 روپے آیا کرتے تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پوری ہمت کے ساتھ ملکی معیشت بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے مختلف ادوار حکومت میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ حکومت ملک میں آئی ایم ایف کو دوبارہ لے کر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ کس حکومت نے کیا کام کیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صوبے میں کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کارکردگی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی تھی۔ اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ پنجاب میں ترقی کی بنیاد نواز شریف نے رکھی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.