اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار قانونی مشکلات میں پھنس گئے، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مفتی ابرار کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں فاروق اعظم مسجد کے قریب مبینہ غیر قانونی اجتماع، سڑک کی بندش اور پولیس پر پتھراؤ کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 1212/26 کے مطابق جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے پیشگی اجازت کے بغیر اجتماع کیا اور پولیس کی جانب سے روکنے پر مبینہ طور پر اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں مداخلت کی۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ واقعے کے دوران اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکا گیا، جبکہ عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کی جان و مال بھی خطرے میں پڑ گئی۔
عدالتی کارروائی کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
وارنٹ جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں، تاہم فراہم کردہ معلومات کے مطابق وہ تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔