اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے پاکستان پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہے تو خیبرپختونخوا میں ان کے بقول غیر آئینی طور پر ختم کی گئی حکومت بحال کرے اور اپنے گورنر سے استعفیٰ لے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ناصر عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی باتوں کے بجائے عملی اقدامات سے اپنی سنجیدگی ثابت کرے اور اس سلسلے میں پہلا قدم گورنر کو ہٹا کر اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں حکومت کی بحالی کے لیے ایک قدم پیچھے ہٹتی ہے اور اپنے گورنر سے استعفیٰ لیتی ہے تو اسے سنجیدہ پیش رفت سمجھا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک آئین کی بالادستی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ بلاول بھٹو زرداری کی باتیں اپنی جگہ، تاہم عملی اقدامات بھی نظر آنے چاہئیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کے اقدامات سامنے آنے کے بعد ہی اس پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔