تازہ ترین

کویت میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی ڈرون حملے کا دعویٰ، کویتی فوج نے حملے ناکام بنانے کی تصدیق کردی

0

کویت: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے علی السالم پر ڈرون حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، تاہم کویتی فوج کا کہنا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام نے دشمن ملک کے ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرکے حملے ناکام بنا دیے۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے کویت میں امریکی فوجی اڈے پر امریکی دفاعی اور میزائل تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ ایرانی فوجی بیان کے مطابق کارروائی میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے علاوہ ڈرون اور میزائل داغنے کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کے مطابق حملوں میں امریکی فوج کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جبکہ اس کارروائی کو ستمبر کے بعد کویت میں امریکی اتحادی فوجی اڈے کے خلاف ایران کی پہلی رپورٹ شدہ کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کویتی فوج نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا کر حملوں کو ناکام بنایا۔ کویتی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا کہ دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرونز کو تباہ کرنے کے باعث سنائی دے رہی ہیں۔

یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے جزیرے قشم پر امریکی میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ادھر بحرین نے بھی ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کا اعلان کیا ہے۔

اسی دوران امریکی طیارہ بردار بحری جہاز تھیوڈور روزویلٹ کی مشرق وسطیٰ آمد کے بعد خطے میں امریکی بحری موجودگی بڑھ کر تین طیارہ بردار جنگی گروپوں تک پہنچ گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.