تازہ ترین

حکومت اتحادیوں کے تحفظات سنے، ورنہ پیپلز پارٹی اپوزیشن میں جاسکتی ہے، بلاول

0

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عندیہ دیا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں قائم وفاقی حکومت نے اپنے اتحادیوں کی آرا اور تحفظات کو اہمیت نہ دی تو پیپلز پارٹی حکومتی نشستیں چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھ سکتی ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیانات کا دفاع کیا اور کہا کہ انہوں نے سچ بات کی ہے۔ حکومت کے نمائندوں کو اختلافی آرا سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں شامل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ پیپلز پارٹی کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید کا حق حاصل نہیں۔

بلاول بھٹو نے سیاسی اور جمہوری نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل نئے صوبے بنانے میں نہیں بلکہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی پر توجہ دینے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام خود بخود نہیں گرا بلکہ اسے گرایا گیا ہے، اس لیے ریاستی اداروں کی ساکھ بحال کرنے اور سیاسی نظام کو درست سمت میں لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے کسی غیر آئینی اقدام یا ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش سنگین بدامنی کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں سے متعلق معاملات پارلیمنٹ میں زیر بحث آنے چاہئیں، نہ کہ کاروباری تقریبات میں ان پر فیصلے کیے جائیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کس بنیاد پر شروع کی گئی ہے۔ ان کے مطابق نہ وزیراعظم، نہ کسی وفاقی وزیر اور نہ ہی کسی دوسرے سیاسی رہنما نے اس معاملے پر ان سے یا صدر مملکت آصف علی زرداری سے بات کی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے، لیکن سیاسی قیادت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے نئے سیاسی محاذ کھولنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملک کو بھارت کے ساتھ کشیدگی، افغانستان کے ساتھ جنگ کے قریب صورتحال اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے تو حکومت اندرونی سیاسی لڑائیوں میں کیوں مصروف ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہر سیاسی جماعت سے لڑنے کا فیصلہ کرے گی تو پھر ملک اور عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کی ذمہ داری کون ادا کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ووٹرز اور پارٹی کے تحفظات حکومت تک پہنچا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت ان تجاویز کو سنے اور صورتحال کا جائزہ لے۔

بلاول بھٹو نے وفاقی وزرا کے ردعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی نمائندے ان کی بات سننے کے لیے تیار نہیں تو عام شہریوں کی شکایات وزیراعظم، وزرا اور پارلیمنٹ تک کیسے پہنچیں گی؟ انہوں نے کہا کہ اختلافی رائے کو برداشت کرنا جمہوری نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر حکومتی ردعمل کو بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ سیاسی اختلاف رکھنے والوں کے خلاف گھروں کو مسمار کرنے، سیاسی رہنماؤں کے اہل خانہ کو گرفتار کرنے اور کارکنوں پر دباؤ ڈالنے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی تشدد کا راستہ اختیار کرنے والی جماعت نہیں، تاہم سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کی سیاسی تاریخ میں ماضی کے دوران بھی تقسیم کی کوششیں کی گئیں، جن سے سیاسی اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.