تازہ ترین

انٹرنیٹ کیبل میں خرابی، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی پاسپورٹ اور ویزا سروسز معطل

0

لندن: پاکستان کے ساحل کے قریب بین الاقوامی زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی پاسپورٹ، ویزا اور نادرا سے متعلق خدمات عارضی طور پر معطل ہوگئی ہیں، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور بین الاقوامی انٹرنیٹ کیبل ایس ایم ڈبلیو 5 (SEA-ME-WE 5) میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ رابطے متاثر ہوئے ہیں، جس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 18 نومبر 2026 کو کیبل میں تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی وقفے وقفے سے متاثر ہو رہی ہے۔

حکام کے مطابق انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کیبل کی مرمت اور سروس کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ہائی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیٹ رابطے کی بحالی تک نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز متاثر رہیں گی، تاہم دستاویزات کی تصدیق (اٹیسٹیشن) کی سہولت معمول کے مطابق دستیاب رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.