کراچی: پاکستان میں معاشی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے حوالے سے عالمی سرمایہ کاروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں ملک کی موجودگی کو مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ماہرین نے کراچی میں میڈیا راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے ماضی میں بار بار سامنے آنے والے معاشی اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کو معاشی نظم و ضبط برقرار رکھنے کا اہم سہارا سمجھتے ہیں۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ماہرِ معاشیات طلحہ ندیم نے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ملکی معاشی حالات کا جائزہ لیا اور آئی ایم ایف پروگرام جاری رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عادل صلاح الدین نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کو مستقبل کے وعدوں کے بجائے اس کی معاشی تاریخ کی بنیاد پر جانچتے ہیں، اس لیے پالیسیوں میں تسلسل انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ سرمایہ کاروں نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری محسوس کی ہے، تاہم پاکستان کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پروگرام ختم ہونے کے بعد بھی معاشی ڈسپلن برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، لیکن اصل چیلنج اس استحکام کو کاروباری سرگرمیوں اور معاشی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال بھی مستقبل قریب میں ملکی معیشت کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
عادل صلاح الدین کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر بیرونی مالی معاونت کا مثبت ذریعہ ہیں، تاہم ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے بہتر منصوبہ بندی ضروری ہے۔ پائیدار معاشی ترقی کا انحصار صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافے پر ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے پاکستانی کارپوریٹ صارفین سنگاپور اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف علاقائی منڈیوں میں اپنے کاروبار کو وسعت دے رہے ہیں۔
طلحہ ندیم نے بھی اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے مالیاتی استحکام کے حصول کے لیے اہم پیشرفت کی ہے۔
دوسری جانب اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے گلوبل ہیڈ جیوپولیٹیکل اسٹریٹجسٹ اور سینئر ماہرِ معاشیات فلپ ڈوباپینٹاناکے نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع ختم ہونے کے باوجود عالمی توانائی کی منڈیوں پر اس کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
ان کے مطابق عالمی توجہ زیادہ تر ایران پر مرکوز ہے، تاہم یمن کی حوثی تحریک کے حملے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں، کیونکہ ان کے اثرات سعودی عرب کے تیل کی ترسیل کے نظام تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی ایران کے خلاف جنگ کا کوئی آسان اور کم لاگت حل موجود نہیں۔ اس تنازع نے امریکہ کی بعض کمزوریوں، خصوصاً فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
فلپ ڈوباپینٹاناکے کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے جنگ اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے پر امریکی ووٹرز کی بے اطمینانی بھی سامنے آئی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک امریکہ کے سکیورٹی وعدوں کی قابلِ اعتماد حیثیت پر نظرثانی کرسکتے ہیں۔