تازہ ترین

اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے جانیں قربان کیں، خواجہ آصف

0

برسلز: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار اہلکار بھیج کر عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات اور قربانیاں اس کے فعال بین الاقوامی کردار کا واضح ثبوت ہیں۔ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی، باہمی تعاون اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس ناگزیر ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی سے انسانی سلامتی کے خطرات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ امن مشنز کا دائرہ کار زمینی حقائق کے مطابق طے کیا جائے، انہیں مناسب وسائل فراہم کیے جائیں اور ان کی سرگرمیوں کو دیرپا سیاسی حل سے منسلک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امن مشنز سے متعلق فیصلوں میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو بھی مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔

خواجہ آصف کے مطابق امن کا تصور صرف جنگ کے خاتمے تک محدود نہیں بلکہ حقیقی استحکام کے لیے انسانی تحفظ، معاشی بہتری اور سماجی ترقی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوریاں دنیا میں تنازعات کو مزید شدت دے رہی ہیں، جبکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

وزیر دفاع نے زور دیا کہ دیرینہ عالمی تنازعات کا حل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنانے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور ترقی سے متعلق عالمی وعدوں پر بھی عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.