کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کا جمعہ کو ہونے والا دورہ کراچی مؤخر کردیا گیا، دورے کی دعوت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران اہم ملاقاتیں طے تھیں۔ اس دورے پر وزیراعظم ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے وفود کے درمیان ملاقات میں اتفاق ہوا تھا، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں ہونے والی ملاقات میں بھی دورے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں مؤخر کیا گیا ہے جب بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کی۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اگر سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو کراچی میں خون بہے گا اور حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشاہ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کا مؤقف تبدیل ہو جائے اور وہ اپنی جماعت کو سندھ کی تقسیم کے حق میں ووٹ دینے کا کہیں تو پارٹی میں ان کے خلاف بغاوت ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے اپنے علاقوں کا وزیراعلیٰ بننے کے خواب دیکھنا شروع کردیے ہیں، لیکن وہ اپنے گھر کے بھی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں محسن بھائی کیا کرنا چاہ رہے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی ہر غیر آئینی اقدام کی مخالفت کرے گی۔