تازہ ترین

2035 تک مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن جائیں گے، پیو ریسرچ

0

واشنگٹن: دنیا میں مذہبی آبادی کے تناسب میں آئندہ پانچ دہائیوں کے دوران نمایاں تبدیلیوں کا امکان ہے، پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ تحقیق کے مطابق 2070 تک مسلمانوں کی عالمی آبادی میں 80 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے بعد مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات نسبتاً نوجوان آبادی اور شرح پیدائش ہیں۔ 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ مسیحی خواتین کے ہاں یہ تعداد 20 کروڑ 80 لاکھ رہی۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کر سکتی ہے، جبکہ مسیحیوں کی آبادی تقریباً 3 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس طرح مسلمانوں کی عالمی آبادی میں 80 فیصد جبکہ غیر مسلم آبادی میں مجموعی طور پر تقریباً 11 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق مسلمانوں اور مسیحیوں دونوں کی آبادی میں اضافے کی بڑی وجہ قدرتی آبادیاتی تبدیلی یعنی پیدائش اور اموات کے درمیان فرق ہوگا۔ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کا بڑا حصہ ان ممالک میں متوقع ہے جہاں پہلے ہی مسلمان اکثریت میں آباد ہیں، جبکہ افریقہ کے صحارا کے جنوب میں واقع ممالک بھی اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

رپورٹ میں یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ مسلمان 2035 تک دنیا کے سب سے بڑے مذہبی گروہ کے طور پر مسیحیوں سے آگے نکل سکتے ہیں۔ اسی دوران پاکستان 2070 تک انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسلمانوں کی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

دوسری جانب شمالی امریکہ میں مذہبی آبادی کا تناسب بھی تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2070 تک اس خطے کی آبادی میں مسیحیوں کا حصہ 46 فیصد جبکہ مذہب سے غیر وابستہ افراد کا تناسب 41 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ مذہب سے غیر وابستہ افراد میں ملحد، لاادری اور کسی مذہب سے تعلق نہ رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

تحقیق کے مطابق جمہوریہ کانگو بھی 2070 تک امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسیحی آبادی والا ملک بن سکتا ہے، جہاں مسیحیوں کی تعداد تقریباً 29 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق مذہبی آبادی میں متوقع تبدیلیاں بنیادی طور پر شرح پیدائش، آبادی کی عمر، اموات، نقل مکانی اور مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات سے جڑی ہیں۔ تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کی آبادی میں اضافے کو صرف مذہب کی تبدیلی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا بلکہ قدرتی آبادیاتی تبدیلی اس میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.