تازہ ترین

آرمی چیف عاصم منیر کی تربت آمد، سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

0

تربت: بلوچستان میں امن و استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج صوبے کے عوام کے ساتھ مل کر امن، خوش حالی اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

19 نومبر کو تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مشکل آپریشنل حالات میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تیاری اور ملکی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان میں امن، خوش حالی اور پائیدار ترقی کے لیے صوبے کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.