تازہ ترین

فوجی اور سیاسی قیادت کا مثالی تعاون ملکی استحکام کی بنیاد ہے، وزیراعظم شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی کامیابیوں میں فوجی اور سیاسی قیادت کے درمیان مؤثر تعاون نے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ موجودہ حالات میں ملک معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی بحران نے دنیا کی بڑی معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے، تاہم پاکستان اس صورتحال کے باوجود استحکام کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان توانائی کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی حساس صورتحال رکھتا ہے اور تیل، گیس، ایل این جی اور پٹرول سمیت اپنی 90 فیصد سے زائد توانائی بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے۔ اس کے باوجود ملک میں پٹرول پمپس پر عوامی احتجاج یا بدامنی کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام ترتیب دیا ہے تاکہ عالمی بحران کے اثرات سے انہیں تحفظ دیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کاروباری برادری سے خطاب میں کہا کہ ملک کو حاصل ہونے والی معاشی کامیابیاں کسی ایک فرد کی کوششوں کا نتیجہ نہیں بلکہ اجتماعی محنت، ٹیم ورک اور مشترکہ حکمت عملی کا ثمر ہیں۔

انہوں نے فوجی اور سیاسی قیادت کے درمیان تعاون کو پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں اس سے پہلے دونوں قیادتوں کے درمیان اس نوعیت کی مؤثر شراکت داری دیکھنے میں نہیں آئی۔

شہباز شریف نے اس تعاون کو ملکی معاشی استحکام اور حالیہ کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے والا عنصر قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.