تازہ ترین

جوہری جنگ کبھی نہیں ہونی چاہیے، امریکہ، چین اور روس کا مشترکہ اعلامیے میں اتفاق

0

شین ژین: امریکہ، چین اور روس نے سہ فریقی سربراہی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جوہری سلامتی، عالمی استحکام اور توانائی کے تحفظ سمیت اہم معاملات پر اتفاق کیا ہے، جبکہ تینوں ممالک نے جوہری جنگ کے تباہ کن نتائج سے بچنے اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

تینوں رہنماؤں نے توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی میں اضافے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں ریاستی عہدیداروں کو حاصل قانونی استثنیٰ کا معاملہ بھی شامل کیا گیا۔ رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر اداروں کو اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز یا اس کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

جوہری سلامتی کے حوالے سے تینوں ممالک نے اس اصول پر اتفاق کیا کہ جوہری جنگ نہ تو جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی اسے کبھی لڑا جانا چاہیے۔ اعلامیے میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے باہمی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق اجلاس کے آغاز میں صدر شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو انسانیت کے سر پر لٹکتی ہوئی ڈیموکلیز کی تلوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ہتھیاروں کو مکمل طور پر ممنوع قرار دینے اور تباہ کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ قدیم یونانی کہانی میں ڈیموکلیز کی تلوار ایک ایسے مستقل خطرے کی علامت ہے جو بظاہر طاقت اور خوش حالی کے باوجود کسی بھی وقت تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.